ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بے روزگاری کے مسئلہ پر نوجوانوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے، ملیکارجن کھرگے کی بی جے پی پر تنقید

بے روزگاری کے مسئلہ پر نوجوانوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے، ملیکارجن کھرگے کی بی جے پی پر تنقید

Tue, 26 Sep 2023 13:19:27    S.O. News Service

نئی دہلی، 26/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی)  کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے نے پیر کو بے روزگاری کے مسئلہ پر مرکز کی بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ملک کے نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے کیونکہ اس نے سال بہ سال ان سے نوکریاں چھین لی ہیں۔

کھرگے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’مودی حکومت نے ملک کے نوجوانوں میں بے روزگاری کو آزادی کے بعد سے بلند ترین سطح تک بڑھا دیا ہے۔ کوئی نوجوان ایسا نہیں ہے جسے بی جے پی نے دھوکہ نہ دیا ہو۔ تمام اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سالانہ دو کروڑ نوکریاں فراہم کرنا تو دور کی بات، مودی حکومت نے نوجوانوں سے سال بہ سال نوکریاں چھین لی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف پچھلے تین سالوں میں 31 لاکھ لوگ اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں سے 26 لاکھ خواتین ہیں۔ کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ ملک میں 32.06 کروڑ لوگوں کے پاس روزگار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمتوں اور بہتر روزگار میں خواتین کی شرکت کم ہو کر صرف 10 فیصد رہ گئی ہے، جبکہ 2021-22 میں 25 سال سے کم عمر کے ڈگری یافتگان میں سے 42.3 فیصد بے روزگار تھے۔

کھرگے نے کہا، ’’گزشتہ ایک سال میں کنٹریکٹ کارکنوں کی ملازمتوں میں 17.5 فیصد کی کمی آئی ہے۔ انہوں نے ایک ایک پیسہ بچا کر تعلیم حاصل کی لیکن بھرتی کا موقع نہیں ملا۔ ٹوٹی ہوئی امیدیں، ٹوٹے ہوئے خواب، تباہ حال مستقبل، روزگار کی تلاش میں بھٹکتے بے یارومددگار نوجوان، کیسے گزارا کریں۔ ہمارے نوجوان مودی سرکار کی غلط حکمرانی میں جدوجہد کر رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ کانگریس بے روزگاری اور اشیائے ضروریہ کی آسمان چھوتی قیمتوں کے مسئلہ پر حکومت سے سوال کرتی رہے گی۔


Share: